ترکی میں فوجی طیارہ حادثے کے 20 شہدا کی سرکاری آخری رسومات ادا

استنبول( آن لائن )ترکی میں ایک پرتاثر سرکاری جنازہ منعقد کیا گیا جس میں جارجیا میں طیارہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 20 ترک فوجی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ یہ حادثہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب ترک فضائیہ کا C-130 فوجی طیارہ آذربائیجان کے شہر گنج سے ترکی آرہا تھا اور جارجیا کے ضلع سیگناغی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کی وجوہات تاحال زیرِ تفتیش ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں طیارے کا عملہ اور وہ فوجی اہلکار شامل تھے جو ترک F-16 لڑاکا طیاروں کی مرمت اور دیکھ بھال کے ذمہ دار تھے۔ یہ ایف-16 طیارے آذربائیجان کے یومِ فتح کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھیجے گئے تھے۔ انقرہ کے ایک ایئربیس پر 20 قومی پرچم میں لپٹے تابوتوں کے سامنے شہدا کو آخری سلام پیش کیا گیا۔ اہلِ خانہ، سرکاری حکام اور ساتھی فوجیوں نے انتہائی سوگوار ماحول میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کے بعد میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کے لیے روانہ کر دیا گیا۔

Comments are closed.