معروف امریکی ایم ایم اے فائٹر نے اسلام قبول کرلیا

واشنگٹن ( آن لائن) معروف امریکی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر امبر لیبروک نے اسلام قبول کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادراے کے مطابق 35 سالہ ایتھلیٹ امبر لیبروک پروفیشنل فائٹرز لیگ میں فیدر ویٹ ڈویڑن میں مقابلہ کرتی ہیں اور اپنے کیریئر میں بہت سی فتوحات حاصل کر چکی ہیں۔امبر لیبروک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔اس ویڈیو میں اْنہیں پْرسکون ماحول میں عبادت کرتے اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔اْنہوں نے کیپشن میں لکھا کہ پچھلے کچھ مہینے زندگی میں بہت سی تبدیلیاں لائے، میری زندگی میں بہت سے نشیب و فراز آئے، میں نے بہت زیادہ محنت کی مگر پھر بھی کمی رہی۔اْنہوں نے لکھا کہ بہت سے ایسے لوگ جن سے میں بہت پیار کرتی تھی قطع تعلق ہو گئی اور میری زندگی بالکل اْلجھ گئی تھی۔

امبر لیبروک نے لکھا کہ پھر پلک جھپکتے ہی سب کچھ سمجھ میں آنے لگا اور ہر چیز مجھے اللّٰہ کے قریب کرنے لگی میں دین کی تلاش کرنے پر مجبور ہو گئی۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کی توقع نہیں تھی کہ یہ اتار چڑھاو زندگی میں برکتوں کے لیے جگہ بنانے کے لیے آ رہے ہیں۔اْنہوں نے لکھا کہ زندگی کے اس مقام پر پہنچنے کے بعد لگتا ہے کہ سب کچھ بالکل ویسا ہے جیسا ہونا چاہیے تھا بلکہ میری حیثیت سے زیادہ ہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ میری مرضی کے مطابق نہیں بلکہ یہ اللّٰہ کی مرضی کے مطابق ہوا ہے اور مجھے اس پر پورا بھروسہ ہے چاہے زندگی اچھی یا بری جو بھی ہو۔اْنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ یہ ایک حیرت انگیز سال رہا ہے اور یہ ابھی ختم نہیں ہوا، میں ہر اس چیز کی منتظر ہوں جو مجھے آگے ملنے والی ہے، الحمدللّٰہ!

Comments are closed.