اسماعیل ہنیہ کو ایرانی ایجنٹوں کی مدد سے بم کا نشانہ بنایا گیا ،برطانوی اخبار
لندن (آن لائن)برطانوی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ حماس کے سربراہ اسمعیل ہنیہ کو شہید کرنے کیلئے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے ایرانی ایجنٹوں کی مدد سے بم نصب کروایا۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی شائع رپورٹ کے مطابق ایرانی ایجنٹوں نے شہید اسمعیل ہنیہ کی قیام گاہ کے تین کمروں میں نصب کیے تھے جبکہ اصل منصوبہ یہ تھا کہ انہیں اس موقع پر قتل کیا جاتا کہ جب وہ مئی میں جہاز حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے جنازے میں شرکت کرنے تہران پہنچے تھے۔رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایرانی حکام کے پاس ایک سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ ایجنٹ خاموشی سے کمرے کی طرف جارہے ہیں۔دو ایرانی حکام نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ اس وقت منصوبے پرعمل درآمد نہ ہوسکا کیونکہ اس موقع پر ایران میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے اور یہ خدشہ تھا کہ یہ منصوبہ ناکام ہوجائے گا۔اس کے بجائے 2 ایرانی ایجنٹوں نے شمالی تہران میں پاسداران انقلاب کے گیسٹ ہاوٴس کے تین کمروں میں دھماکا خیز مواد نصب کیا جہاں اسمعیل ہنیہ ایران آمد پر قیام کر سکتے تھے۔گیسٹ ہاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج رکھنے والے اہلکاروں کے مطابق متعلقہ ایرانی ایجنٹس دبے پاں متعدد کمروں میں داخل ہوئے اور منٹوں میں وہاں سے باہر نکلے
۔برطانوی اخبار نے دعوی کیا کہ بم نصب کرنے کے بعد ایرانی ایجنٹس بیرونِ ملک چلے گئے لیکن وہ ملک سے باہر رہ کر بھی بم دھماکا کرسکتے تھے، بدھ کی صبح 2 بجے جب انہیں یقین ہوگیا کہ اسمعیل ہنیہ کمرے میں موجود ہیں تو انہوں نے ریموٹ کی مدد سے دھماکا کردیا۔پاسدارانِ انقلاب میں ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر برطانوی اخبار کو بتایا کہ تنظیم کو یقین ہے کہ اسرائیلی ایجنسی موساد نے انصار المہدی پروٹیکشن یونٹ کے ایجنٹوں کی خدمات حاصل کیں۔ انصار المہدی یونٹ اعلی شخصیات کی سیکیورٹی کا ذمہ دار ہے۔انہوں نے بتایا کہ مزید تفتیش کے بعد دو دیگر کمروں سے بھی اضافی دھماکا خیز مواد دریافت کیا گیا۔دی ٹیلی گراف سے بات کرنے والے ایرانی عہدیدار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اب پاسدارانِ انقلاب میں ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جارہی ہے جس میں مختلف شعبے ایک دوسرے پر ناکامی کا الزام عائد کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کے القدس فورس کے کمانڈر اسمعیل قاآنی لوگوں کو برطرف، گرفتار اور ممکنہ طور پر سزائے موت دینے کے لیے طلب کر رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ سیکیورٹی مسئلے نے سب کی بیعزتی کی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ سپریم لیڈر نے گزشتہ دو دنوں میں کئی بار تمام کمانڈروں کو طلب کیا ہے، وہ اس واقعے پر جواب چاہتے ہیں، ان کے لیے بدلہ لینے سے زیادہ سیکیورٹی خلاف ورزی کو دور کرنا اہم ہے۔اس سے قبل امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مشرق وسطی کے 5 عہدیداران نے کہا ہے کہ بم تقریبا 2 ماہ قبل گیسٹ ہاس میں چھپایا گیا تھا۔
Comments are closed.