امریکا کی تائیوان کیلئے براہِ راست پہلی فوجی امداد کی منظوری

وشنگٹن (آن لائن) امریکا نے فارن ایڈ پروگرام کے تحت تائیوان کے لیے براہِ راست پہلی فوجی امداد کی منظوری دے دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا تائیوان کو 80 ملین ڈالرز مالیت کا فوجی پیکیج دے گا۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ اس اقدام سے امریکا کے تائیوان ریلیشنز ایکٹ اور دیرینہ ون چائنا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ امریکا آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔ ترجمان کے مطابق آبنائے تائیوان میں امن و استحکام علاقائی و عالمی سلامتی اور خوش حالی کے لیے اہم ہے۔تائیوان کی وزارتِ دفاع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی امداد علاقائی امن اور استحکام میں مددگار ثابت ہو گی۔

Comments are closed.