امریکا نے اسرائیل کو 130 بلڈوزر اور بھاری بموں کی فراہمی روک دی

واشنگٹن، تل ابیب (آن لائن)امریکا نے اسرائیل کو 130 بلڈوزر اور بھاری بموں کی فراہمی روک دی ہے، اسرائیل یہ بلڈوزر غزہ کی پٹی میں گھروں کو منہدم کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے امریکی مشینری بنانے والی کمپنی کیٹرپیلر سے تقریباً 130 ڈی 9 بلڈوزر خریدنے کے بڑے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔امریکا نے حال ہی میں غزہ میں گھروں کو مسمار کرنے کے لیے ان بلڈوزروں کے استعمال کی وجہ سے معاہدے کو منجمد کر دیا ہے، اس معاہدے کو منجمند کرنے پر امریکا پر بڑے پیمانے پر تنقید کی جا رہی ہے۔

اسرائیل پہلے ہی بلڈوزر کی ادائیگی کر چکا ہے اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے برآمدی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پابندی ایک ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب اسرائیل کو بلڈوزر کی اشد ضرورت تھی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں میں مصروف ہے اور خطے میں استعمال کے لیے اضافی ڈی نائن بلڈوزر کی ضرورت ہے۔ بلڈوزر کی کھیپ بند ہونے سے جنوبی اسرائیل میں غزہ اور نیگیو کے درمیان بفر زون بنانے کے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے، جس میں غزہ کی سرحد کے ساتھ زرعی علاقوں کو صاف کرنا اور سینکڑوں فلسطینی عمارتوں کو منہدم کرنا شامل ہے۔

Comments are closed.