حماس کے سیاسی دفتر کی ترکی میں منتقلی کی خبروں کا جائزہ لے رہے ہیں‘ابھی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتے.امریکا

واشنگٹن(آن لائن) امریکہ نے ترکی پر واضح کیا ہے کہ حماس کے ساتھ مزید اس طرح معاملات نہیں چل سکتے، جیسے چل رہے تھے یہ بات محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے حماس کی قیادت قطر سے ترکی منتقلی کے حوالے سے خبروں پر گفتگو کرتے ہوئے کہی امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ ان پر اختلاف کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ واشنگٹن ترکی کی حکومت پر واضح کر دے گا کہ حماس کے ساتھ مزید معمول کے مطابق کوئی معاملات نہیں ہو سکتے.امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران ملر نے کہاکہ میں نے کسی حد تک وہ رپورٹیں دیکھی ہیں کہ حماس کی کچھ قیادت جو دوحہ میں تھی، اب ترکی منتقل ہو گئی ہے میں ان خبروں کی نفی کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں میں امریکہ کے ایماء پر جو بات کر سکتا ہوں وہ یہ کہ ہم اس پر یقین نہیں رکھتے کہ ایک دہشت گرد تنظیم کے رہنما کہیں بھی آرام سے رہ رہے ہوں

اسی اثنا میں ترکی کے ایک سفارتی ذریعے نے ان خبروں کو مسترد کر دیا کہ حماس نے اپنا سیاسی دفتر قطر سے ترکیہ منتقل کر دیا ہے سفارتی ذریعے نے کہا کہ حماس کے سیاسی بیورو کے ارکان وقتاً فوقتاً ترکی کا دورہ کرتے ہیں حماس کے سیاسی بیورو کے ترکی منتقل ہونے کے دعوے سچائی کی عکاسی نہیں کرتے. قطر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس نے حماس اور اسرائیل کو بتایا تھا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدے میں ثالثی کی کوششوں کو اس وقت تک معطل کر دے گا جب تک کہ دونوں فریق آمادگی اور سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کریں دوحہ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایسی میڈیا رپورٹس کہ اس نے حماس کو خلیجی عرب ملک چھوڑنے کے لیے کہا ہے درست نہیں ہیں.بعد ازاں حماس نے ان رپورٹوں کو ایسی افواہوں سے تعبیر کرتے ہوئے مسترد کر دیا جنہیں اس کے مطابق اسرائیل وقتاً فوقتاً شائع کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے . میتھیو ملر نے کہا کہ حماس ایک سفاک دہشت گرد تنظیم ہے جس نے کئی امریکیوں کو قتل کیا ہے اور اب بھی سات امریکی شہریوں کو یرغمال بنائے ہوئے ہے میں ابھی کئی دیگر ملکوں کی بات نہیں کر رہا جن کے شہری اس نے ہلاک کیے ہیں یا یرغمال بنائے ہیں انہوں نے کہاکہ جہاں تک یہ بات ہے کہ حماس کے اراکین ترکی میں ہیں یا کسی اور ملک میں،

دیکھے گئے ہیں ان میں سے کئی لوگوں پر امریکہ نے فرد جرم عائد کر رکھی ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ان لوگوں کو امریکہ کے حوالے کر دیا جانا چاہئیے میتھیو ملر نے کہاکہ بلاشبہ ہم ترکی کی حکومت پر واضح کریں گے جیسا کہ ہم نے دنیا کے ہر ملک پر واضح کر دیا ہے حماس کے ساتھ اب اس طرح معاملات نہیں چل سکتے جیسا کہ چلتے آئے ہیں

Comments are closed.