ایران نے پاکستان کی جوابی کارروائی میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی

تہران (آن لائن ) ایران نے پاکستان کی جوابی کارروائی میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ نے ایران میں پاکستان کے جوابی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج صبح ہونے والے ان حملوں میں 7 افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والے ایران کے شہری نہیں تھے۔ اس حوالے سے ایران کے صوبے سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی رضا مرحمتی نے کہا کہ سروان شہر کے قریب صبح 4 بج کر 5 منٹ پر متعدد دھماکوں کی اذواز سنی گئی۔دوسری طرف پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں کی مانیٹرنگ بھی شروع کردی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مغربی سرحدوں پر فضا میں ہونے والی ہر سرگرمی کو مانیٹر کیا جارہا ہے، مغرب سے آنے والی تمام پروازوں سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایران سمیت تمام مغربی پروازوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ پہلے مغرب کی طرف سے پاکستان آنے والی پروازوں کی مانیٹرنگ نہیں ہو رہی تھی، پاکستان اور ایران کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہے، اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی خاقان مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ایران کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، تاحال ایران کے لیے فضائی حدود بند کرنے کی حکومت سے کوئی ہدایت نہیں ملی، تاہم صورتحال کو بغور مانیٹر کیا جا رہا ہے

Comments are closed.